منگلورو ،23؍ اکتوبر (ایس او نیوز) سورتکل کے کاٹیاپالیا تھرڈ بلاک میں نوتعمیر شدہ بس شیلٹر کو چار سال پہلے قتل ہوئے دیپک راو کے نام سے منسوب کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے پانچ ملزموں کو پولیس نے گرفتار کر لیا جس میں راوڈی شیٹر نواز بھی شامل ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق گرفتار ملزمین کے نام محمد نواز عرف پنکی نواز، محمد فیصل ، محمد صفوان، محمد نیاز اور محمد مصطفیٰ ہیں ۔
بتایا گیا ہے کہ 2 اکتوبر کو ایم ایل اے بھرت شیٹی نے اس بس شیلٹر کا افتتاح کیا تھا ۔ مبینہ طور پر دیپک راو کے قتل میں ملزم پنکی نواز اور جونّو نامی شخص کے درمیان "لوکھنڈ والا وہاٹس ایپ گروپ" میں جو بات چیت ہوئی اس کے مطابق بس شیلٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والوں کو قتل کرنے کی بات کہی گئی تھی اور یہ آڈیو میسیج سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا ۔
اس ضمن میں لوکیش نامی ایک شخص نے سورتکل پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی جس پر تحقیقات کرتے ہوئے پولیس نے پانچ ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔ ان کے پاس سے تلوار اور موبائل فونس بھی ضبط کیے گئے ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں جونّو نامی ملزم کے علاوہ مزید کچھ لوگوں کو گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے ۔